کمٹہ9؍مئی (ایس او نیوز)کمٹہ کی اگناشنی پہاڑی کے قریب شادی میں شرکت کے لئے مسافروں کو لے جانے والی ٹیمپو پلٹ جانے سے 20زیادہ مسافروں کو چوٹیں آئی ہیں۔
کہتے ہیں کہ ٹیمپو پہاڑی راستے پر اوپر کی طرف چڑھ رہی تھی، مگر اچانک پیچھے کی طرف کھسکتے ہوئے قریبی ڈھلان میں جاگری۔ اتفاق سے ذرا سی ڈھلان کے بعد گاڑی رک گئی ، ورنہ مزید نیچے کھائی میں گر جانے سے بہت زیادہ خطرناک حادثہ پیش آسکتا تھا۔عوام کاکہنا ہے کہ جس مقام پر یہ حادثہ ہوا ہے، وہ بہت ہی خطرناک علاقہ ہے اور اکثر وبیشتر یہاں حادثے ہوتے رہتے ہیں۔اس لئے یہاں سڑک کے دونوں کناروں پر حادثے کی صورت میں گاڑیوں کو کھائی میں گرنے سے بچانے کے لئے دیواریں تعمیر کرنا بہت ضروری ہے ، جس کی طرف متعلقہ افسران کو توجہ دینا چاہیے۔
حادثے کے بعد فوری طور پر زخمیوں کو علاج کے لئے کمٹہ سرکاری اسپتال میں منتقل کیا گیا۔کمٹہ پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔